نیویارک (ویب ڈیسک)آمیزون کے بانی جیف بیزوز نے 2018 کا آغاز دنیا کے امیر ترین شخص کی حیثیت سے کیا اور ان کے اثاثوں میں رواں سال کے دوران انتہائی تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔جیف بیزوز کے اثاثوں میں اضافہ آمیزون کے اسٹاک یا حصص کی قیمتوں سے ہوتا ہے اور اس کمپنی کے اسٹاک کی قیمت میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران 50 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔یہی وجہ ہے کہ جیف بیزوز نے 2018 کا آغاز لگ بھگ 100 ارب ڈالرز (110 کھرب سے زائد پاکستانی روپے) سے کیا تھا اور سال کے اولین 2 ہفتوں میں 10 ارب ڈالرز کا اضافہ کیا۔بلومبرگ انڈیکس کے مطابق جیف بیزوز کے اثاثوں کی مالیت 129 ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہے یعنی جنوری، فروری اور مارچ کے کچھ دنوں کے اندر وہ 30.1 ارب ڈالرز کماچکے ہیں۔اس کے مقابلے میں دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بل گیٹس (92 ارب ڈالرز کے مالک) نے اس عرصے میں ‘محض’ 12 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کا ہی اضافہ کیا۔جیف بیزوز کے اثاثوں میں ناقابل یقین تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور خیال رہے کہ 2017 کے 12 ماہ میں وہ 35 ارب ڈالرز ہی کما سکے تھے جو لگتا ہے کہ مارچ میں ہی پیچھے چھوڑ دیں گے۔ابھی وہ اوسطاً 10 ارب ڈالرز سے زائد ماہانہ کما رہے ہیں۔مگر ہوسکتا ہے کہ آپ کو یقین کرنا مشکل ہو مگر جیف بیزوز 2018 کے دوران فی منٹ 2 لاکھ 31 ہزار ڈالرز (2 کروڑ 55 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کما رہے ہیں، یعنی ایک منٹ میں وہ ایک اوسط امریکی ورکر سے 4 گنا زیادہ کمارہے ہیں۔اس رفتار سے وہ سال بھر میں کتنا کمالیں گے؟ اس کا انحصار تو آمیزون کے اسٹاک پر ہے۔تاہم ویسے ہی تخمینہ لگایا جائے کہ اگر اسٹاک اور جیف بیزوز کے اثاثوں میں موجودہ شرح سے ہی اضافہ ہو تو وہ 2018 میں 120 ارب ڈالرز کمالیں گے یا اپنے اثاثوں کو دوگنا کرلیں گے۔مجموعی طور پر ان کے اثاثے 200 ارب ڈالرز سے تجاوز کرجائیں گے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں