پیر، 2 اپریل، 2018

صدر مملکت نے ترک نیول چیف ایڈمرل عدنان اوزبل کونشان امتیاز(ملٹری) عطا کر دیا

اسلام آباد (14نیوز)صدر مملکت ممنون حسین نے ترک نیول چیف ایڈمرل عدنان اوزبل کونشان امتیاز (ملٹری)عطا کر دیا۔ ایوارڈ عطا کرنے کی تقریب کے بعد معزز مہمان سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے درمیان محبت کے رشتے کی گہرائی الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ مسلم امہ کے مسائل کے حل کے سلسلے میں پاکستان ترکی کے کردار کا احترام کر تا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترقی عالمی فورموں پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے جمہوری اداروں کے درمیان تعاون انتہائی گہرا ہے۔انھوں نے کہا کہ ترکی مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جرات مندانہ کردار ادار کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک ترک دفاعی تعلقات مستقبل میں مزید ترقی کریں گے۔انھوں نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کے حل کے لیے صدر طیب اردوآن کا کردار قابل تعریف ہے۔ ترک حکومت ، عوام اورصدر اردوآن کے ساتھ دوستی پر فخر ہے۔ انھوں نے کہا کہ ترکی نے مہاجرین کی جس فراخدلی سے مہمانداری کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ انھوں نیاس عزم پر زور دیا کہ موجودہ وقت میں مسائل کے حل کے لیے اسلامی اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔اس سے قبل ایوان صدر میں ترک نیول چیف کو نشان امتیاز (ملٹری)عطا کرنے کی تقریب ہوئی جس میں پاکستان کے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اورترکی کے سفیر احسان مصطفی یورکاکل اور اعلی حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر ترکی کی نیول فورس کے سربراہ وائس ایڈمرل عدنان اوزبال نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ وہ پاک ترک دفاعی تعلقات کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں